دنیا
Time 08 اکتوبر ، 2020

سیاہ فام امریکی شہری کے قتل کیس میں گرفتار سابق پولیس افسر ضمانت پر رہا

فوٹو: سوشل میڈیا

سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کے قتل کیس میں گرفتار سابق پولیس افسر کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منیا پولس پولیس کے سابق افسر ڈیرک کو بدھ کے روز مشروط ضمانت پر جیل سے رہا کیا گیا ہے۔

عدالت نے سابق پولیس افسر ڈیرک کے لا انفورسمنٹ کے ساتھ کام کرنے اور اسلحہ رکھنے پر پابندی عائد کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق پولیس افسر کی ضمانت ایک ملین ڈالر کے عوض منظور کی گئی ہے جس کے بعد اسے ہینے پن کاؤنٹی جیل سے رہا کردیا گیا جس کی جیل حکام کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی۔

مرکزی ملزم سابق پولیس افسر ڈیرک، فوٹو: رائٹرز

سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کا واقعہ 25 مئی کو پیش آیا تھا جس میں سفید فام پولیس اہلکار نے اس کی گردن پر اپنا گھٹنا رکھا تھا جس سے جارج فلائیڈ پولیس کو دم گھٹنے کے بارے میں بتاتا رہا لیکن پولیس افسر نے سیاہ فام شہری کو نہیں چھوڑا جس پر وہ ہلاک ہوگیا جب کہ واقعے کی ویڈیو سوشل مـیڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر امریکا بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔

جارج فلائیڈ کی موت کے الزام پولیس افسر ڈیرک سمیت دیگر تین پولیس اہلکاروں کو بھی ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا اور سیکنڈ ڈگری قتل کا مجرم ٹھہرایا گیا جب کہ مرکزی ملزم ڈیرک کو سیکنڈ اور تھرڈ ڈگری قتل کیس میں چارج کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق دیگر تین پولیس اہلکاروں کی ضمانت 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کے عوض منظور کی گئی ہے۔

مزید خبریں :