دنیا
Time 09 اکتوبر ، 2020

ڈاکٹرز نے ٹرمپ کو خوشخبری سنا دی

فوٹو: رائٹرز

واشنگٹن: کورونا سے متاثرہ امریکی صدر ٹرمپ کو ان کے ڈاکٹر نے خوشخبری سنادی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر کے ڈاکٹر کا کہناہےکہ ٹرمپ اپنا کووڈ 19 کا ٹریٹمنٹ کورس مکمل کرچکے ہیں جس کے بعد وہ رواں ہفتے سے ہی عوام کے درمیان واپسی کرسکتے ہیں۔

امریکی صدر کے معالج ڈاکٹر سیئن کونیلی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو دی جانے والی دواؤں کا بہت اچھا رد عمل سامنے آیا اور اس سے ان کی طبیعت سنبھلی رہی۔

ڈاکٹر کی جانب سے ریلیوں میں شرکت کی اجازت کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنا ایک اور کووڈ 19 کا ٹیسٹ کرائیں گے اور انہیں امید ہےکہ وہ رواں ہفتے کے اختتام پر اپنی ریلی کا انعقاد کریں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اس سے قبل امریکی صدر نے جوبائیڈن کے ساتھ ٹی وی پر مباحثے سے انکار کردیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ وہ ورچوئل مباحثے میں اپنا وقت برباد نہیں کریں گے۔

مباحثے کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں صدر اور صدارتی امیدوار کے مباحثے کو ورچوئل کرنا پڑے گا تاہم صدر ٹرمپ اس پر راضی نہیں ہوئے۔

امریکی صدر کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن سے مزید مباحثوں پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا جب کہ جوبائیڈن نے بھی ٹرمپ کے ساتھ مباحثے سے انکار کردیا تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی صحت کے حوالے سے جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس سے جاری میمو میں امریکی صدر کے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ میں ایسی کوئی علامات نہیں جو یہ بات ظاہر کرے کہ ان کی بیماری میں اضافہ ہورہا ہے۔

امریکی صدر کے ڈاکٹر نے میمو میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ مقرر وقت پر عوام میں محفوظ واپسی کرسکتے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ بہت بہتر محسوس کررہے ہیں اور انہیں پوری امید ہے کہ وہ ہفتے کے روز فلوریڈا میں اپنی صدارتی مہم کی ریلی میں ضرور شرکت کریں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ اور صدارتی امیدوار جوبائیڈن کے درمیان تین میں ایک مباحثہ 29 ستمبر کو ہوچکا ہے جب کہ دوسرا مباحثہ 15 اکتوبر اور آخری 22 اکتوبر کو ہونا ہے۔

واضح رہےکہ امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میں 2 اکتوبر کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد صدر ٹرمپ کو سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا جہاں تین روز قیام کے بعد وہ واپس وائٹ ہاؤس منتقل ہوگئے۔

مزید خبریں :