دنیا
Time 10 اکتوبر ، 2020

امریکی سائنسدان نے وائٹ ہاؤس میں کورونا پھیلنے کی وجہ بتادی

فائل فوٹو: ڈاکٹر انتھونی فاؤچی

واشنگنٹن: امریکی سائنسدان انتھونی فاؤچی نے وائٹ ہاؤس میں کورونا کے کیسز سامنے آنے پر امریکی صدر کی ایک تقریب کو اس کی وجہ قرار دے دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور امریکی سائنسدان ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر کی جانب سے سپریم کورٹ میں جج کی نامزدگی کی تقریب کورونا پھیلانے کی سب سے بڑی وجہ بنی ہے۔

ڈاکٹر انتھونی کا کہنا تھا کہ 26 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں شرکت کرنے والے 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

امریکی سائنسدان نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے ان کے ڈیٹا سے پتا چلتا ہےکہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی یہ تقریب سپر اسپریڈر ایونٹ تھا جہاں صورتحال یہ تھی کہ لوگوں کا بڑا اجتماع تھا جن میں سے بیشتر افراد نے ماسک نہیں پہنے تھے جب کہ ماہرین گزشتہ 6 ماہ سے مسلسل لوگوں کو ماسک پہننے کی ہدایت دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کورونا وائرس سے صحتیاب کرنے والی دوا سے متعلق باتوں کی بھی مذمت کی۔

امریکی سائنسدان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی دارالحکومت میں کورونا کی وجہ سے اب بھی بڑے اجتماعات پر پابندی ہے لیکن وائٹ ہاؤس جیسے وفاقی دفاتر اس سے مستثنیٰ ہیں۔

واضح رہےکہ 26 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں امریکی صدر نے ایمی کونی کا بطور سپریم کورٹ خاتون جج تقرر کیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ سمیت وائٹ ہاؤس کے دیگر حکام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

امریکی صدر کو سانس کی تکلیف کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ تین روز قیام کے بعد واپس وائٹ ہاؤس منتقل ہوگئے جب کہ وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر نے ٹرمپ کو ریلی کے انعقاد کی بھی اجازت دے دی ہے۔

مزید خبریں :