پولیس کی ناکامی پر بھینس نے چوری کا کیس حل کرادیا

شہری نے پولیس کو شکایت درج کرائی تھی کہ اس کی بھینس دوست دھرمیندر نے چوری کرکے کسی کو فروخت کردی ہے— فوٹو:فائل

دنیا میں بڑے بڑے کیسز کی گتھیاں پولیس سلجھاتی ہے لیکن بھارت کی ریاست اتر پردیش میں پولیس کی ناکامی پر بھینس نے چوری کا کیس حل کرادیا۔

واقعہ کچھ یوں تھا کہ بھارتی ریاست اترپردیش کے جلیسر شہر کے علاقے علی نگر کے رہائشی وریندر نے پولیس کو شکایت درج کرائی کہ اس کی بھینس اس کے دوست دھرمیندر نے چوری کرکے کسی کو فروخت کردی ہے۔

پولیس  کے مطابق وریندر  نے دعویٰ کیا کہ اس کے دوست دھرمیندر نے بھینس چراکر ایک ایک مسلمان کو بیچ دی ہے اور جب وہ شخص بھینس کو لے کر جانوروں کے میلے میں آیا تو وریندر نے اسے بھینس سمیت پکڑ لیا۔

وریندر کے دوست دھرمیندر نے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ اس نے مسلمان کو بھینس فروخت ضرور کی ہے لیکن یہ بھینس چوری کی نہیں بلکہ اس کی اپنی ہے۔

پولیس نے معاملے کو سلجھانے کے لیے گزشتہ روز بھینس اور اس کے مالک ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کو تھانے میں بلایا جہاں سب کے سامنے دونوں افراد کو بھینس کو آواز دینے کا کہا گیا جس پر تھوڑی ہی دیر بعد بھینس اصلی مالک دھرمیندر کے پاس چلی گئی اور یوں معاملہ حل ہوا۔  

مزید خبریں :