صرف ایک شخص کیلئے دنیا کا مشہور سیاحتی مقام کھول دیا گیا

فوٹو: فائل

جنوبی امریکی ملک پیرو نے صرف ایک جاپانی سیاح کے لیے کورونا وائرس کی وجہ سے کئی مہینوں سے بند مشہور سیاحتی مقام کھول دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی شہری جیسی کٹایاما پیرو کے مشہور سیاحتی مقام ’ماچو پیچو‘ کو دیکھنے کے لیے پیرو کے شہر ’انکا‘ پہنچے لیکن اس کے پہنچتے ہی عالمی وبا کورونا کے باعث لاک ڈاؤن لگ گیا جس سے انہیں شدید دکھ ہوا۔

لیکن جاپانی سیاح نے ہمت نہ ہاری اور تاریخی ورثے پر جانے کے لیے تقریباً 7 ماہ تک لاک ڈاؤن میں اس امید کے ساتھ گزار دیے کہ کبھی نہ کبھی تو انہیں ماچو پیچو دیکھنے کا موقع مل ہی جائے گا۔

جب مقامی انتظامیہ کو اس بارے میں پتہ چلا تو پھر انہوں نے مشہور تاریخی ورثے کو کھولنے کا فیصلہ کیا اور پھر جاپانی شہری کو ماچو پیچو کا دورہ کروانے کے لیے خصوصی انتظام کروایا گیا۔

جاپانی شہری جیسی کٹایاما نے اپنے انسٹاگرام پر سیاحتی مقام کی تصویر ڈالی اور لکھا کہ لاک ڈاؤن کے بعد ماچو پیچو کا دورہ کرنے والا دنیا کا پہلا شخص میں ہوں۔

جیسی کٹایاما نے سیاحتی مقام کی ویڈیو بھی ڈالی اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ کہا کہ یہ بہت ہی زبردست ہے۔

ماچو پیچو کیا ہے؟

1911 میں دریافت ہونے والا ماچو پیچو دنیا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔

ماچو پیچو کے کھنڈرات کو ’انکا کا شہر‘ کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے جسے ’ماچو پیچو انکا‘ سلطنت کے دور میں‌ بسایا گیا تھا۔

ماہرینِ آثار قدیمہ کا خیال ہے کہ یہ تاریخی شہر 1450 کے دوران تعمیر کیا گیا تھا۔ سطح سمندر سے 2430 میٹر کی بلندی پر تعمیر کردہ ماچو پیچو میں پتھر سے بنی تعمیر کردہ 216 عمارتیں تعمیر کا شاہکار اور حیرت کا باعث ہیں‌۔

عمارتوں کے اس شاہکار کھنڈرات کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں پائی جاتی ہیں جس میں سے ایک یہ بھی ہے کہ کسی وبا کے پھیلنے کے بعد اچانک ہی اس بسے بسائے شہر کو یہاں‌ کے باسی چھوڑ کر کسی دوسرے علاقے میں منتقل ہو گئے تھے۔

مزید خبریں :