بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں آکسیجن فراہمی کے نظام میں خرابی

عملے سمیت اور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش نہیں،روسی خلائی ایجنسی،فوٹو: فائل

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے روسی حصے میں آکسیجن کی فراہمی کا نظام خراب ہوگیا۔

روسی خلائی ایجنسی راسکوسموس کے مطابق بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے روسی حصے میں آکسیجن کی فراہمی کا نظام خراب ہوا ہے  تاہم امریکی حصے میں آکسیجن کی فراہمی کا نظام بالکل ٹھیک کام کررہا ہے جس کے باعث خلابازوں کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔

راسکوسموس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ  عملے سمیت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی سلامتی کو کوئی خطرہ  نہیں ہے اور خرابی کو جلد ٹھیک کرلیا جائے گا۔

آکسیجن کے نظام میں خرابی کا مسئلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہےکہ جب حال ہی میں 3 نئے خلاباز  خلائی اسٹیشن پہنچے ہیں جن میں 2 روسی اور ایک امریکی شامل ہیں، بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اب عملے کے ارکان کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے خلا میں سب سے زیادہ دن گزارنے کا عالمی ریکارڈ رکھنے والے معروف روسی خلا باز  جیناڈے پاڈالکا نے کہا ہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر روسی حصے کے تمام پرزے  پرانے اور بیکار ہوچکے ہیں۔

جیناڈے پاڈالکا کا کہنا ہے کہ خلائی اسٹیشن پر موجود آلات کو 15 برس تک استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن  روسی سامان 2 دہائی پرانا ہو چکا ہے۔

مزید خبریں :