پاکستان
Time 15 اکتوبر ، 2020

او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر حملہ، 7 ایف سی اہلکار اور 7 سیکیورٹی گارڈز شہید

قافلہ فورسز کی حفاظت میں گوادر سے کراچی جا رہا تھا، فورسز نے حملہ آوروں کو بروقت اور بھرپور جواب دیا اور قافلے کو علاقے سے بحفاظت نکالا، آئی ایس پی آر— فوٹو: فائل

آئل اینڈ گیس ڈویلمپنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے میں 7 ایف سی اہلکار اور 7 سیکیورٹی گارڈز شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق او جی ڈی سی ایل کا قافلہ سیکیورٹی فورسز کی حفاظت میں گوادر سے کراچی جا رہا تھا۔

کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کے 7 اہلکار اور 7 سیکیورٹی گارڈز شہید ہوگئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کا سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بھرپور جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ کےدوران ایف سی بلوچستان کے 7 اور  7سیکیورٹی گارڈز بھی شہید ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے اعلامیے کے مطابق جھڑپ کےدوران دہشت گردوں کوبھاری نقصان ہوا اور سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ڈویلمپنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے قافلے کو علاقے سے بحفاظت نکالا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں امن وترقی کونقصان پہنچانےکی دشمن کی بزدلانہ کارروائی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیکیورٹی فورسز نےعلاقےکامحاصرہ کرلیا ہے اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

شہداء میں لائنس نائیک افتخاراحمد، سپاہی محمدوارث، سپاہی عمران خان، سپاہی محمدنوید، لانس نائیک عبداللطیف، صوبیدار عابدحسین، نائیک محمد انورشامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار ریٹائرڈ سمند خان، محمد فواد اللہ، عطا اللہ، وارث خان، عبدالنافع، شاکر اللہ اور عابد حسین بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کا عزم مزید بلند ہوتا ہے، سیکیورٹی فورسز اپنی جانوں کا نذرانہ دے کرمادر وطن کے دفاع کےلیے پرعزم ہیں۔

مزید خبریں :