پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2020

مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والاسلوک کررہا ہے: مشیر قومی سلامتی

فائل فوٹو: معید یوسف

لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہےکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والاسلوک کررہا ہے اور ہمیں پتہ ہے کہ اُس کشمیر میں کیا حالات ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ بھارت کےتوسیع پسندانہ عزائم سے خطےکے امن کو خطرات لاحق ہیں اور اس کے منفی عزائم سے اس کے تمام ہمسایوں کو خطرہ ہے، بھارت نے خطے میں افرا تفری پھیلا رکھی ہے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان میں بھارت کی دہشتگردی سے دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں، پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کے ثبوت ایک ایک کرکے گنوائے ہیں، پاکستان خطے میں امن و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں اور عالمی امن کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والاسلوک کررہا ہے، ہمیں پتہ ہے کہ اُس کشمیر میں کیا حالات ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

معید یوسف نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہدف خطے میں امن کا قیام ہے اور اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے، پاکستان کا بیانیہ اکنامک سکیورٹی ہے۔

ان کہنا تھا کہ میڈیا پاکستان کی سفارتکاری کا حصہ ہے کیونکہ 90 فیصد خبریں پاکستان کے لوکل میڈیا سے اٹھا کر لگائی جاتی ہیں۔

مزید خبریں :