پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2020

طاہر اشرفی کا حکومت سے تمام جید علماء کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ

چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر اشرفی نے حکومت سے تمام جید علماء کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 4 سے 5 بڑی مذہبی شخصیات ہیں جنہیں سیکیورٹی ملنی چاہیے، ملک کے حالات منظم سازش کے ذریعے خراب کیے جارہے ہیں،امید ہے جلد مولانا عادل کے قاتل انجام کو پہنچیں گے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ جو لوگ ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینا چاہتے ہیں وہ اسلام کے دشمن ہیں۔ سازشی عناصر پاک فوج اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دینے میں ملوث ہے۔ 

علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مولانا عادل کا قتل عالم اسلام کے لیے سانحہ ہے صحابہ کی توہین اور تکفیر کے مرتکب بیشتر افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں، تمام مسالک کے علماء کا متفقہ پیغامِ پاکستان ملک میں انتہا پسندی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عادل کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ تمام جید علماء اکرام کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ 

مزید خبریں :