دنیا
Time 19 اکتوبر ، 2020

چڑیا گھر میں ریچھوں کے حملے سے ملازم ہلاک

فوٹوفائل

چین کے ایک چڑیا گھر میں سیاحوں کی بس کے سامنے چڑیا گھر کے ملازم کو ریچھوں نے حملہ کر کے ہلاک کر دیا۔

چین کے شہر شنگھائی کے وائلڈ لائف پارک میں یہ حادثہ ’’وائلڈ بیسٹ ایریا‘‘ میں پیش آیا ۔

سوشل میڈیا پر حادثے کی شیئر کی گئی ویڈیو میں سیاحوں کے ایک گروپ کو بس کے نزدیک کئی ریچھوں کے ایک ساتھ جمع ہوتے دیکھنے پر چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی سیاح کی ایک پوسٹ کے مطابق، انکلوژر کے قریب مشین کے ذریعے کھدائی کا کام کرنے والے ملازم نے ریچھوں کو بس سے دور کرنے کی کوشش کی، چڑیا گھر کا ملازم ریچھوں کو سیاحوں کی بس سے دور تو نہ بھگا سکا لیکن ریچھ بدقسمت ملازم کو اپنے گھسیٹ کر لے گئے۔

واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے پارک کے وائلڈ بیسٹ ایریا کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور پارک کے حفاظتی کاموں میں بہتری لانے کے لیے فی الحال سیاحوں کے ٹکٹ بھی واپس کر دیے گئے ہیں۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے ملازم پر جان لیوا حملے کے بعد دیگر کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا گیا اور پارک انتظامیہ کی جانب سے مقتول کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ چڑیا گھر کے اس ایریا میں سیاحوں کو صرف بس میں گھومنے کی اجازت ہے کیونکہ یہاں جانور  آزادانہ گھومتے پھرتے ہیں۔

مزید خبریں :