دنیا
Time 19 اکتوبر ، 2020

آرمینیا سے جنگ: آذربائیجان میں پاکستانی جھنڈوں کی ڈیمانڈ بڑھ گئی

آرمینیا کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اپنا وزن آذربائیجان کے پلڑے میں ڈال کر آذری قوم کے دل جیت لیے ہیں اور اب وہاں پاکستانی پرچموں کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے تنازع پر جنگ کئی ہفتوں سے جاری ہے اور عارضی جنگ بندی کے باوجود آرمینیا کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پاکستان اور ترکی نے آرمینیا سے جنگ کے معاملے پر آذربائیجان کی پہلے دن سے حمایت کررکھی ہے جس کے باعث دونوں ملکوں سے اظہار یکجہتی کیلئے باکو کے گھروں کی بالکونیوں میں دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے تھے۔

پاکستان کی حمایت کے بعد آذربائیجان میں پاکستانی جھنڈوں کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کی تصدیق پاکستان میں تعینات آذری سفیر علی علی زادہ نے کی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں آذری سفیر کا کہنا تھا کہ آذربائیجان میں لوگ ترکی اور پاکستان سے بے حد محبت کرتے ہیں اور اسی وجہ سے پاکستانی جھنڈوں کی طلب بڑھ گئی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی سطح پر ’نگورنو کارا باخ‘ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے فوج کے ذریعے قبضہ کررکھا ہے جب کہ اسی قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔

دوسری جانب آرمینیا سے جنگ میں آذربائیجان کا پلڑا بھاری ہے اور اب تک نگورنو کاراباخ کے متعدد علاقوں سے قبضہ چھڑا لیا ہے۔

مزید خبریں :