پاکستان
Time 19 اکتوبر ، 2020

وزیراعظم مہنگائی کا توڑ نکالنے کیلئے متحرک، بچت بازار لگانے کا فیصلہ

وزیر اعظم عمران خان مہنگائی کا توڑ نکالنے کیلئے خود متحرک ہوگئے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں عام شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اور مہنگائی میں کمی کیلئے بڑے فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے پنجاب بھر میں ایک ماہ کے اندر 350 سہولت بازار لگانے کا فیصلہ کیا ہے، رواں ہفتے پنجاب بھر میں 195 سہولت بازار لگائے جائیں گے جن میں سے لاہور میں رواں ہفتے 31 سہولت بازار لگائے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ سہولت بازار میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 845 روپے اور 10 کلو آٹا 410 روپے میں فروخت ہوگا، سہولت بازار میں چینی فی کلوگرام 85 روپے میں فروخت ہوگی۔

اجلاس میں گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جرمانے، سزائیں، مقدمات اور دکانیں سیل کرنے کے اقدامات کیے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے شہر وہاڑی سے ذخیرہ کی گئی 475 ٹن چینی پکڑی گئی اور وہاڑی سے ہی ذخیرہ کیا گیا 30 ہزار کلو گھی بھی پکڑا گیا، وہاڑی میں ذخیرہ اندوزی کرنے کے جرم میں محمد صدیق ولد تاج دین کو گرفتار کیاگیا۔

خیبر پختونختوا حکومت نے ایک ہفتے میں مختلف دکانوں پر 27 ہزار چھاپے مارے، 818 مقدمات درج اور  759 دکانیں سیل کردی گئیں۔

103 دکانداروں کو سزا دی گئی اور 6 ہزار سے زائد دکانداروں کو انتباہ جاری کیا گیا۔ اس دوران وزیراعظم نے حکم دیا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے مالکان کو گرفتار کیا جائے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی بے قابو ہوگئی ہے اور عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا۔

اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں جب کہ یوٹیلٹی اسٹورز میں آٹا، دالیں اور چینی دستیاب ہی نہیں۔

مزید خبریں :