دنیا
Time 21 اکتوبر ، 2020

پوپ فرانسس نے ہم جنس پرستوں کو سماجی و قانونی تحفظ فراہم کرنے کی حمایت کردی

پوپ فرانسس نے پہلی بار کھل کر ہم جنس پرستوں کیلئے سماجی تحفظ کے قوانین بنانے کے حق میں بات کی ہے، وہ اس معاملے کی حمایت کرنے والے پہلے پوپ ہیں— فوٹو: فائل 

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے ہم جنس پرستوں کو سماجی و  قانونی تحفظ فراہم کرنے کی حمایت کردی۔

روم فلم فیسٹول میں ’فرانسسکو‘ نامی دستاویزی فلم نشر کی گئی جس میں پوپ فرانسس نے پہلی بار کھل کر ہم جنس پرستوں کیلئے سماجی تحفظ کے قوانین بنانے کے حق میں بات کی ہے اور وہ اس معاملے کی حمایت کرنے والے پہلے پوپ ہیں۔

دستاویزی فلم میں گفتگو کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کھل کر ہم جنس پرستوں کے حقوق کی حمایت کی۔

پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ’ہم جنس پرستوں کو بھی خاندان میں رہنے کا حق ہے، آپ کسی ایک کو بھی خاندان سے نہیں نکال سکتے اور نہ ہی اس کی زندگی کو مصیبت زدہ کرسکتے ہیں‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پوپ فرانسس نے دبے الفاظ میں ہم جنس پرستی کی حمایت کی تھی اور کہا تھا کہ اگر کوئی ہم جنس پرست ہے تو ہم کون ہوتے ہیں فیصلہ کرنے والے؟

البتہ پوپ فرانسس ہم جنس جوڑوں کے درمیان شادی کے مخالف ہیں اور وہ ماضی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ شادی محض مرد اور عورت کے درمیان ہی ہونی چاہیے۔

پوپ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے پوپ فرانسس ہم جنس پرستوں کے حق میں متعدد بیانات دے چکے ہیں اور ان سے امتیازی سلوک کے خلاف رہے ہیں۔

2013 میں انہوں نے متعدد بار ہم جنس پرست جوڑوں کو ویٹی کن آنے کی دعوت بھی دی تھی۔

خیال رہے کہ بہت سے ممالک میں ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت حاصل ہے جبکہ اکثر ممالک میں اسے معیوب سمجھا جاتا ہے اور ایسے کسی عمل کی اجازت نہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ مذہبی طور پر بھی اس عمل کی ممانعت ہے۔ عیسائیت میں بھی ہم جنس پرستوں کے تعلقات اور شادی کی گنجائش موجود نہیں اور ایسا کرنے والے افراد کو عموماً چرچ سے باہر کردیا جاتا ہے اور انہیں حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے تاہم اب پوپ فرانسس نے کھلے الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ ہم جنس پرستوں کے تحفظ کیلئے قانون ہونا چاہیے اور انہیں چرچ سے باہر بھی نہیں کیا جانا چاہیے۔

مزید خبریں :