دردکُش دوا کے مضر اثرات پر دوا ساز ادارے پر 8 ارب ڈالر سے زائدکا جرمانہ

معاہدے کے تحت پرڈیو فارما نے آکسی کانٹن کی پیداوار روکنے پر بھی اتفاق کیا ہے،فوٹو:فائل

دردکُش دوا  آکسی کانٹن (OxyContin) کے مضر صحت اثرات کے الزامات درست ثابت ہونے پر امریکی دوا ساز ادارے پرڈیو فارما (Purdue Pharma) پر 8 ارب ڈالر سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  امریکی دوا ساز ادارے پرڈیو فارما نے دردکش  دوا کے مضر اثرات سے متعلق الزامات قبول کرتے ہوئے 8 ارب 3 کروڑ ڈالر کا جرمانہ ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

  آکسی کانٹن بنانے والے ادارے پر دوائی کے جان لیوا اور نقصان دہ اثرات کو چھپانے کے الزامات تھے جن سے مبینہ طور پر ہزاروں امریکیوں کی اموات ہوئیں۔

 امریکی محکمہ انصاف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت پرڈیو فارما نے  آکسی کانٹن کی پیداوار روکنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

معاہدے کے تحت دواساز ادارے کی جانب سے دیا گیا جرمانہ نشے کے عادی افراد کے علاج میں استعمال کیا جائےگا۔

امریکی محکمہ انصاف سے ہونے والا معاہدہ عدالت سے منظوری کے بعد ہی قابل عمل ہوگاجب کہ کمپنی کو مختلف امریکی ریاستوں اور خاندانوں کی جانب سے ہزاروں مقدمات کا بھی سامنا ہے۔

مزید خبریں :