دنیا
Time 24 اکتوبر ، 2020

ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا۔

خبرایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے اپنا ووٹ ریاست فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ڈالا اور اس موقع پر انہوں نے ماسک بھی پہن رکھا تھا۔

امریکا میں صدارتی انتخاب 3 نومبر کو ہونا ہے تاہم امریکی صدر نے قبل از وقت ہی ووٹ کاسٹ کیا ہے، امریکا میں یہ سہولت عام شہریوں کو بھی حاصل ہے کورونا وبا کی وجہ سے قبل از وقت ووٹنگ کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

امریکی صدر نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد مسکراتے ہوئے بتایا کہ میں نے ’ٹرمپ نام کے شخص کو ووٹ دیا ہے‘۔

خیال رہے کہ رواں سال اب تک ساڑھے 5 کروڑ افراد کورونا کے باعث قبل از وقت ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔

امریکی صدر نے پولنگ اسٹیشن میں جاکر بیلٹ باکس میں ووٹ ڈالنے کو ڈاک کےذریعے ووٹ کاسٹ کرنے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ انتہائی محفوظ طریقہ ہے، ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے سے بھی زیادہ محفوظ، سب کچھ پرفیکٹ تھا، انتہائی سختی تھی اور قواعد کا خیال رکھا گیا تھا لیکن جب آپ ڈاک کے ذریعے بیلٹ بھیجتے ہیں تو وہ اتنا محفوظ نہیں ہوسکتا‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بذریعہ میل بیلٹنگ کو فراڈ قرار دے چکے ہیں۔

بعد ازاں امریکی صدر نے اپنی ٹوئٹ میں بھی بتایا کہ وہ ووٹ ڈال چکے ہیں اور یہ اعزاز کی بات ہے۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو امریکا میں 59 واں صدارتی انتخاب ہے جس میں امریکی صدر ٹرمپ دوسری مرتبہ صدارت کے امیدوار ہیں جب کہ ان کے حریف ڈیموکریٹس کے جوبائیڈن ہیں۔

انتخابی سروے میں جوبائیڈن کو ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ اس برتری کو ختم کرنے کی سر توڑ کوشش کررہے ہیں اور  اسی سلسلے میں ہفتے کو شمالی کیرولینا، اوہائیو اور وسکونسن میں ٹرمپ کی انتخابی ریلیاں شیڈول ہیں۔

مزید خبریں :