دنیا
Time 26 اکتوبر ، 2020

افریقی ملک کیمرون میں اسکول پر حملہ، 8 طالبعلم جاں بحق

فوٹو: سوشل میڈیا

وسطی افریقی ملک کیمرون میں دہشت گردوں نے ایک اسکول پر حملہ کر کے 8 طالبعلموں کو جاں بحق اور متعدد کو زخمی کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کیمرون کے شہر کمبا کے مدر فرانسسکا انٹرنیشنل بائی لینگول اکیڈمی پر حملہ کرنے والے دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار اور سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے اسکول پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں ماہ ہی دوبارہ کھلنے والے اسکول پر یہ بدترین حملہ ہے۔

فوٹو: فائل

کسی بھی گروپ کی جانب سے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی اب تک یہ واضح ہو سکا ہے کہ آیا یہ حملہ ایک آزاد ریاست کے لیے حکومت مخالف گروپ کی جانب سے کیا گیا یہ کسی اور کی جانب سے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کوآرڈینیشن آف دی ہیومنیٹیرین افیئرز (او سی ایچ اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں 8 طالب علم جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔

فوٹو: رائٹرز

مقامی افراد کا بتانا ہے کہ کچھ طالبعلموں نے جن میں ایک لڑکی بھی شامل ہے اسکول کی عمارت کے دوسرے فلور سے چھلانگ لگا کر جان بچائی جب کہ کچھ والدین کو اپنے بچوں کو ہاتھ میں اٹھا کر اسکول سے باہر کی جانب بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

مزید خبریں :