پاکستان
Time 26 اکتوبر ، 2020

اسلام آباد ، کراچی اور لاہور میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے کے ایم او یو پر دستخط

الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے شروع کیا جائے گا، فواد چوہدری،فوٹو:فائل

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور جرمن کمپنی 'انرجی گلوبل وینچور' کے درمیان اسلام آباد ، کراچی اور لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے پر مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) سائن کیا گیا۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ جتنے ڈالر اورنج لائن اور میٹرو پر لگائے گئے اتنے میں لاہور کے ہر شہری کو گاڑی خریدکردی جا سکتی تھی۔

اسلام آباد میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور جرمن کمپنی انرجی گلوبل وینچور (ای جی وی) کے درمیان الیکٹرک بسوں کے حوالے سے ایم او یو (مفاہمت کی یادداشت) پر دستخط کی تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاکہ  پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے جس کے لیے یونیورسٹیاں اور انڈسٹریاں مل کرکام کریں گی۔

فواد چوہدری کاکہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں کی تیاری کے لیے جرمن کمپنی ای جی وی پاکستان میں آرہی ہے جس کے بعد خواتین کے لیے سفر کرنے میں آسانی کے لیے تین پہیوں والا وہیکل بھی متعارف کروایا جائےگا، آئندہ 3 سالوں میں پاکستان الیکٹرک وہیکل کے شعبے میں بھارت کا مقابلہ کرے گا۔

وفاقی وزیرکاکہنا تھا کہ جلد مکمل موٹروے پر الیکٹرک وہیکل چارجر بھی مہیہ کردیا جائے گا اور الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سالوں میں 4 بلین ڈالر تک الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کے لیے مختص کیے جائیں گے۔

 تقریب کے موقع پر ای جی وی کے چیف ایگزیکٹو جیمز اوکلے نے کہاکہ حکومت پاکستان گرین پاکستان منصوبے پر کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے الیکٹرک وہیکل متعارف کروانے کے لیے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔

مزید خبریں :