پاکستان
Time 28 اکتوبر ، 2020

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف سندھ بھر میں عدالتی امور معطل

کراچی:گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ بار کی اپیل پر صوبے بھر میں عدالتی امور معطل کر دیے گئے۔

سندھ ہائیکورٹ بار کی اپیل کے بعد ہائیکورٹ میں تمام مقدمات کی سماعت معطل کردی گئی اور تمام بورڈ ڈسچارج کردیے گئے ہیں جب کہ سٹی کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں بھی عدالتی امور معطل کر دیے البتہ اہم مقدمات کی سماعت ججز کے چیمبر میں ہوگی۔

دوسری جانب حیدر آباد میں بھی گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر سندھ بار کونسل کی اپیل پر عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا گیا۔

ہائی کورٹ بینچ، سرکٹ بینچ و ماتحت عدالتوں میں مقدمات کی سماعتیں ملتوی کردی گئیں جب کہ ٹھٹھہ اور نوابشاہ میں بھی وکلا کی جانب سے ہڑتال کی گئی ہے۔

وکلا ہڑتال کی وجہ سے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث مقدمات کی سماعت ملتوی ہو گئی۔

خیال رہے کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔

پاکستان نے بھی فرانس کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جب کہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

مزید خبریں :