پاکستان
Time 28 اکتوبر ، 2020

وزیراعظم نے توہین رسالت اور اسلاموفوبیا پر مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھ دیا

وزیراعظم عمران خان نے توہین رسالت اور اسلاموفوبیا کے معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھ دیا۔

اپنے خط میں وزیراعظم عمران خان نے توہین رسالت اور اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ متحد ہوکر دنیا کو واضح پیغام پہنچائیں۔

وزیراعظم نے لکھا کہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کریں، مغربی دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر نظر آرہی ہے، آج ہم امت مسلمہ میں بڑھتی تشویش اور بے چینی کا سامنا کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ہمیں مغرب کو بتانا ہوگا کہ اس گستاخی کی وجہ سے کتنے دکھی ہیں۔

فوٹو: عمران خان ٹوئٹر اکاؤنٹ

خیال رہے کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔

پاکستان نے بھی فرانس کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور گزشتہ روز پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جبکہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

مزید خبریں :