پاکستان
Time 29 اکتوبر ، 2020

گستاخانہ خاکوں پر احتجاج: فیصل جاوید پارلیمانی گروپ برائے پاک فرانس دوستی سے مستعفی

فرانسیسی صدر کے اقدامات سے اسلاموفوبیا کو تقویت ملے گی جیسا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نشاندہی کی ہے، فیصل جاوید

اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید خان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور اسلام مخالف اقدامات پر پارلیمانی گروپ برائے پاک فرانس دوستی کی کنوینرشپ سے مستعفی ہوگئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی (اے پی پی) کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید خان نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ فرانسیسی صدر کے اقدامات سے اسلاموفوبیا کو تقویت ملے گی جیسا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نشاندہی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام مخالف بیانات اور مقدس ہستیوں کی توہین انسانیت کے درمیان خلیج کو مزید گہرا کرے گی اور شدت پسند خیالات کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اس سلسلے کو بند ہونا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اس پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے اقدامات انسانیت کو نازی نظریے سے زیادہ نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

کنوینر شپ سے مستعفی ہونے کے ساتھ ساتھ فیصل جاوید خان نے چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ اس گروپ کو ہی تحلیل کردیا جائے۔

خیال رہے کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔

پاکستان نے بھی فرانس کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور گزشتہ روز پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جبکہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

فوٹو: بشکریہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان


مزید خبریں :