پاکستان
Time 30 اکتوبر ، 2020

ملک بھر میں جشن ولادت باسعادت ﷺ عقیدت و احترام سے منایا گیا

نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت کی مناسبت سے ملک بھر میں 12 ربیع الاول مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

دن کا آغاز نماز فجر کے بعد نبی اکرم ﷺ پر درود و سلام کی محافل سے ہوا اور ملکی سلامتی و خوشحالی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

جشن عید میلاد النبی کے موقع پر لاہور کینٹ یادگار شہداء پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی دے کر کیا۔

اس موقع پر فضا پاک فوج کے جوانوں کے پرجوش نعروں نعرے تکبیر اللہ اکبر سے گونج اٹھی، تقریب میں پاک فوج کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔

بستی بستی، وادی وادی، قریہ قریہ، محسن انسانیت ﷺ کی آمد کا جشن منایا گیا اور ملک بھر میں دانائے سبل، ختم الرسل اور مولائے کُل محمد مصطفی ﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا گیا۔

چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد کے جلوس نکالے گئے جن میں عاشقانِ رسول نے درود و سلام کہہ کر اپنے نبی سے محبت کا اظہار کیا۔ گلی محلوں، سڑکوں اور بازاروں میں سجا یاگیا اور ہر طرف گنبد خضریٰ اور خانہ کعبہ کے خوبصورت ماڈل اور سبز جھنڈوں کی بہار رہی۔

کراچی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، پشاور اور کوئٹہ میں بڑی تعداد میں عاشقانِ نبی کی میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے جلوسوں میں شرکت کی۔

کراچی میں نیو میمن مسجد سے نشتر پارک تک جلوس نکالا گیا

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جشنِ ولادت باسعادت حضرت محمد ﷺ کے موقع پر جلوس نکالے  گئے۔

شہر بھر میں مساجد، عمارتیں اور شاہراہیں برقی قمقموں سے سجائی گئی ہیں، عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے محافل میلاد منقعد کی گئیں۔

جشن عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس جماعت اہلسنت، سنی تحریک اور انجمن نوجوان اسلام کے تحت ایم اے جناح روڈ نیو میمن مسجد سے نشتر پارک تک نکالا گیا جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گوجرانوالا میں 100 من کھیر کی دیگ

گوجرانوالا میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر شہر بھر کی مساجد اور گلی محلوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا۔

گوجرانوالا کے علاقے ونیہ والا میں 100 من کھیر کی دیگ بھی تیار کی گئی جسے جلوسوں کے شرکاء کو کھلایا گیا۔

63 من وزنی کیک

چنیوٹ میں جشن ولادت با سعادت کے موقع پر 63 من وزنی کیک کاٹا گیا جب کہ ملتان میں جامعہ مسجد بہار مدینہ کی جانب سے سورج میانی میں میلاد ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں خانہ کعبہ اورمسجد نبوی ﷺ کے ماڈلزکی زیارتیں بھی رکھی گئیں۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی شہریوں نے شہر بھر کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجایا جب کہ میر پور میں مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے شہر کی مرکزی شاہراہوں پر چراغاں کا اہتمام بھی کیا گیا۔

مزید خبریں :