’جیمز بانڈ‘ چل بسے

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے اداکار شان کونری 90 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

 شان کونری نے تجسس سے بھرپور معروف فلم سیریز ‘جیمز بانڈ‘ کی ابتدائی 7 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور جیمز بانڈ کے کردار کو ’امر‘ کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شان کونری کو آسکرز سیمت کئی ایوارڈز ملے جن میں دو بافتا اور 3 گولڈن گلوبز ایوارڈز بھی شامل ہیں۔

ان کا کیریئر تقریباً 3 دہائیوں پر محیط تھا اور اس دوران انہوں نے درجنوں فلموں میں کام کیا۔

شان کونری کو 1988 میں The Untouchables نامی فلم میں بہتری معاون اداکار کی کیٹیگری میں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ سن 2000 میں ملکہ برطانیہ نے انہیں سر کے خطاب سے نوازا تھا۔

رواں برس اگست میں انہوں نے اپنی 90 ویں سالگرہ منائی تھی۔

شان کونری ایڈن برگ کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے اور فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے تابوت کو پالش کرنے، دودھ فروشی اور لائف گارڈ کی نوکری بھی کرتے رہے تاہم باڈی بلنڈنگ کا شوق انہیں فلمی دنیا میں لے جانے کا سبب بنا اور وہ تاریخ کے عظیم اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

مزید خبریں :