سبز رنگ کے کتے کی پیدائش پر سب حیران

اٹلی میں سبز رنگ کے کتے کی پیدائش فائل :فوٹو

 آپ نے آج تک مختلف رنگ و نسل کے کتے دیکھے ہوں گے لیکن ہم آج آپ کو ایسے سبز رنگ کے پلے سے متعلق بتانے جا رہے ہیں جس کی پیدائش اس کے مالک سمیت ہر کسی کے لیے حیران کن ہے۔

گزشتہ ماہ اٹلی کے جزیرے سارڈینیا میں مقیم کسان کرسٹین میلوکی کے مادہ اسپیلچیا کتے نے پانچ پلوں کو جنم دیا، پیدا ہوئے کتوں میں چار کتے اپنی مخلوط نسل ماں کی طرح سفید رنگت جب کہ ایک بچہ سبز رنگت کے ساتھ پیدا ہوا۔

غیر معمولی رنگت والے پلے کا نام مالک نے خشک میوے کی مناسبت سے’’پستہ‘‘ رکھا ہے۔

کتے کے مالک میلوکی کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ پستہ کو گود لینے کے لیے تیار ہیں لیکن میلوکی نے فیصلہ کیا ہے کہ کتا ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ رہے گا۔

غیر ملکی میڈیا سے بات چیت کے دوران کتے کے مالک کا کہنا تھا کہ یہ بات سچ ہے کہ پستہ کرونا وبا سے متاثرہ مشکل ماحول میں پیدا ہوا لیکن امید ہے یہ جلد ہمارے لیے خوش قسمتی لائے گا۔

گولڈن ریٹرائیور نسل کے ایک کتے کی غیر معمولی رنگت کے ساتھ پیدائش فائل :فوٹو 

واضح رہے کہ سبز رنگ کے کتے کی پیدائش کا معاملہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ 

رواں سال امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں جرمن شیفرڈ نے بھی غیر معمولی (سبز ) رنگ کے پلے کو جنم دیا تھا، جس کا نام مالک کی جانب سے ہلک رکھا گیا۔

اس کے علاوہ 2017 میں اسکاٹ لینڈ میں بھی گولڈن ریٹرائیور نسل کے ایک کتے کی پیدائش بھی غیر معمولی رنگ کے ساتھ ہوئی۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں سبز رنگ کے کتوں کی پیدائش کے واقعات اس وقت رونما ہوتے ہیں جب ہلکی رنگت والے کتے ماں کے شکم میں بائی لیورڈین سے رابطے میں آ جاتے ہیں۔

بائی لیورڈین سبز رنگ کا پگمنٹ ہوتا ہے جو صفرا (سبزی مائل بھورا مائع جو جِگر میں بن کر آنتوں میں جاتا ہے) میں پایا جاتا ہے۔ بائی لیورڈین زخموں میں سبز رنگت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

یہ پگمنٹ ماں کے شکم میں بچوں کی کھالوں کو رنگت دیتا ہے جو پیدائش کے بعد وقت کے ساتھ ساتھ ماند بھی پڑ سکتی ہے۔

میلوکی کے مطابق، جانوروں کے ڈاکٹر نے انھیں بتایا کہ دوران حمل صفرا میں پایا جانے والا بائی لیورڈین، پلیسنٹا سے امنیوٹک فلائڈ (جنین اور اس کی جھلیوں کا تیار کردہ مائع) کے ساتھ مل جاتا ہے جس کے باعث بچے کی کھال کی رنگت تبدیل ہو جاتی ہے۔