پرانے موبائل فونز جمع کرنے والا جنونی

فوٹو:بشکریہ آڈٹی سینٹرل

زندگی اسمارٹ فون سے قبل کیا تھی؟ اس حوالے سے مختلف لوگ مختلف رائے رکھ سکتے ہیں لیکن اسمارٹ فون سے قبل موبائل فون کیسے ہوا کرتے تھے، نئی نسل اس بات کا اندازہ ترکی سے تعلق رکھنے والے آزکیلک کی منفرد موبائل کلیکشن کو دیکھ کر باآسانی لگا سکتی ہے۔

دور حاضر میں جب ہر شخص اسمارٹ فون کی نت نئی کلیکشن جمع کرنے یا خریدنے کا شوقین ہے، ایسے میں ترکی سے تعلق رکھنے والے موبائل ریپیئر سیہابیٹن آزکیلک نوکیا 3310 یا موٹرولا ریزر V3 جیسے کلاسیکل ماڈل جمع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

آزکیلک کا کہنا ہے کہ انہیں یہ شوق 20 سال قبل ہوا جس کے تحت انھوں نے فیصلہ کیا کہ قیمتی موبائل فون پر مشتمل ایک ایسی کلیکشن تیار کی جائے جو جلد ہی پرانے ہو جائیں گے۔

فوٹو:بشکریہ آڈٹی سینٹرل

ان کا کہنا ہے کہ میری کلیکشن میں موجود تمام پرانے فون ابھی بھی کام کر رہے ہیں لیکن اب وہ تیار نہیں کیے جاتے۔

آزکیلک کے منفرد شوق کے باعث اب ان کے پاس تقریباً ایک ہزار سے زائد موبائل فون موجود ہیں جنہیں وہ اپنے گھر میں موجود ذاتی وین میں رکھتے ہیں۔

آزکیلک کا کہنا ہے کہ ان کے پاس تقریباً دو ہزار سے زائد مختلف ماڈل کے موبائل فون موجود تھے لیکن چند سال پہلے چوروں نے ان کے گھر میں گھس کر 700موبائل فون چرالیے۔

آزکیلک کے مطابق میرے پاس بہت سے ایسے نایاب اور قیمتی ماڈلز موجود ہیں جن کی خریداری کے لیے لوگ مجھ سے رابطہ کرتے ہیں لیکن میں فروخت نہیں کرتا، اگرچہ ان موبائل فونز کو مینٹین رکھنا مشکل امر ہے لیکن میں جس حد تک کر سکتا ہوں انھیں برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔