پاکستان
Time 21 نومبر ، 2020

’غیر سنجیدہ‘ ٹوئٹس پر پی ٹی آئی کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ تنقید کی زد میں

حکمراں جماعت کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر قائدین کی تصاویر کورونا پیغامات کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں— فوٹو:پی ٹی آئی 

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ’غیر سنجیدہ‘ ٹوئٹس کے باعث تنقید کی زد میں ہے۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے 22 نومبر کو خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حکومتی اجازت نہ ملنے کے باوجود بھی جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر اجازت نہیں دی گئی تاہم اب ملک کا سیاسی ماحول بھی گرم ہوگیا ہے اور سوشل میڈیا پر حریفوں کے خلاف پوسٹیں لگائی جارہی ہیں۔

حکمران جماعت کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر قائدین کی تصاویر کورونا پیغامات کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔

مریم نواز کے گلگت بلتستان میں کیے گئے ایک جلسہ عام کی تصویر لگا کر کہا گیا ہے کہ ’کورونا میک اپ اور پلاسٹک سرجری سے نہیں ڈرتا، بزرگ سماجی فاصلے میں خاص خیال رکھیں‘۔

اسی طرح پی ڈی ایم رہنماؤں کی تصاویر لگا کر کہا گیا ہے کہ ’کورونا اور پی ڈی ایم کے درمیان ایم او یو پر دستخط، پاکستان میں آئندہ مل کر کام کرنے پر اتفاق‘۔ اس پوسٹ کو پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ری ٹوئٹ کیا گیا ہے۔

ایک اور پوسٹ جس کو پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ سے ری ٹوئٹ کیا گیا ہے ، اس میں مریم نواز ایک بچے کو گود میں اٹھائے ہوئے ہیں اور اس پر کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے کورونا کو گود لے لیا‘۔

اس کے علاوہ بھی دیگر سیاسی مخالفین کے حوالے سے پوسٹیں کی گئی ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل پر سخت ناگواری کا اظہار کیا ہے۔

سینیئر صحافی بشیر چوہدری نے اسی طرح کی پوسٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ ’جب آفیشل اکاؤنٹس سے ایسے ٹوئٹس ہونے لگیں تو پھر اخلاقیات کو بغیر جنازے کے دفنا دینا چاہیے‘۔

اس کے علاوہ سینیئر صحافی اویس یوسفزئی نے بھی کہا کہ یہ اقتدار میں آکر بھی غیرسنجیدہ ہیں، گورننس کے بجائے صرف سابقہ حکمرانوں کو چور ڈاکو کہہ کر دن گزار رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے بھی مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری پر ذاتی حملے کیے تھے۔

مزید خبریں :