پاکستان
Time 23 نومبر ، 2020

تحریک انصاف نے جی بی اے 3 گلگت 3 کا انتخابی معرکہ سر کرلیا

پی ٹی آئی امیدوار جعفر شاہ کے انتقال کے باعث 15 نومبر کو جی بی 3 گلگت 3 کے انتخابات ملتوی ہو گئے تھے— فوٹو:فائل/ سہیل عباس

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 3 گلگت 3 میں انتخابات  کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سید سہیل عباس  6873 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

جی بی اے 3 گلگت 3 کی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار جعفر شاہ کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کر دیے گئے تھے اور یہاں پولنگ آج ہوئی ہے۔

گلگت میں موسم سرد ہونے کے باوجود خواتین اور مرد ووٹرز نے بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

موسم سرد ہونے کے باوجود خواتین اور مرد ووٹرز نے بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا— فوٹو: اے پی پی 

انتخابی حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

حلقے کے تمام 73 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار سید سہیل عباس 6 ہزار 873 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔

 آزاد امیدوار ڈاکٹر محمد اقبال 4 ہزار 678 ووٹ لیکردوسرے نمبر پر رہے۔

مسلم لیگ (ق) کے کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع 3 ہزار 720 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب جی بی اے 21 غذر 3 کے پولنگ اسٹیشن گندائے  میں بھی دوبارہ پولنگ ہوئی۔ 

دوبارہ پولنگ میں غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار غلام محمد 299 ووٹ لیکر پہلے نمبر رہے۔

وہ پہلے ہی اس نشست پر واضح اکثریت سے کامیاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ گندائے پولنگ اسٹیشن میں 15 نومبر کی شام شرپسند بیلٹ باکس لے گئے تھے جس پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا اورپولنگ باکس قبضے میں لےکرمقدمہ درج کرلیاگیاتھا جس کے بعد آج دوبارہ پولنگ ہوئی۔

واضح رہے کہ 15 نومبر کو گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 9، آزاد امیدواروں نے 7، پیپلز پارٹی نے 3، مسلم لیگ ن نے 2، جمعیت علمائے اسلام اور مجلس وحدت مسلمین نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کیں۔

بعدازاں 6 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے جس کے بعد تحریک انصاف گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔

مزید خبریں :