کاروبار
Time 27 نومبر ، 2020

کیلے، انڈوں، لہسن اور گوشت سمیت 11 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار اعدادو شمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح میں 0.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں کمی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہوئی اور ٹماٹر ،آلو ،پیاز ،چکن سمیت 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 15 روپے 27 پیسے کمی آئی جبکہ پیاز 6 روپے 27 پیسے فی کلو اور چکن کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 44 پیسے کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 4 روپے 73 پیسے، گندم کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 2 روپے، چنے کی دال ایک روپے اور دال ماش ایک روپیہ 8 پیسے سستی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق کیلے،انڈوں ،لہسن اور گوشت سمیت 11 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران کیلے کی فی درجن قیمت میں ایک روپیہ 15 پیسے ، انڈے کی فی درجن اوسط قیمت میں ایک روپے 82 پیسے اور لہسن کی فی کلو قیمت میں 2 روپے اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مٹن ،بیف، تازہ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چاول، گھی، چائے، نمک، مرچ سمیت 30 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔