پاکستان
Time 30 نومبر ، 2020

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا انتخاب آج ہوگا

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پولنگ آج شام 4 بجے ہو گی۔

تحریک انصاف نے بیرسٹر خالد خورشید کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے نامزد کیا ہے جب کہ امجدحسین ایڈووکیٹ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے امیدوار ہیں۔

گلگت بلتستان میں 15 نومبر کے انتخابات کے بعد ارکان کی حلف برداری اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے 2 مراحل پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔

اب تیسرے اور اہم مرحلے میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے سیکرٹری جی بی اسمبلی عبدالرزاق ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے جن کے دستخطوں سے جاری شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے آج  بوقت صبح 11 بج کر 30 منٹ پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے جاسکیں گے۔

کاغذات کی جانچ پڑتال دوپہر 12 بجے تک مکمل ہوگی جس کے بعد کسی بھی امیدوار کو دستبردار ہونے کے لیے دوپہر 2 بجے تک وقت مقرر ہے۔

وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے آج شام 4 بجے پولنگ ہوگی، اسپیکر اسمبلی سید امجد زیدی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوتے ہی نومنتخب وزیر اعلیٰ کے نتیجے کا اعلان کریں گے۔

مزید خبریں :