کھیل
Time 02 دسمبر ، 2020

آفریدی لنکا پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر اچانک وطن واپس کیوں آگئے؟

صورتحال قابو میں آنے کے بعد میں فوری طور پر ایل پی ایل میں اپنی ٹیم کو دوبارہ جوائن کرلوں گا، آفریدی— فوٹو: فائل

پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اچانک لنکا پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپسی کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ' بدقسمتی سے مجھے ذاتی نوعیت کی ایک ایمرجنسی کی وجہ سے گھر واپس آنا پڑ رہا ہے'۔

آفریدی نے مزید لکھا کہ 'صورتحال قابو میں آنے کے بعد میں فوری طور پر ایل پی ایل میں اپنی ٹیم کو دوبارہ جوائن کرلوں گا'۔

شاہد آفریدی نے ایمرجنسی کی نوعیت کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی۔

واضح رہے کہ سری لنکا پریمیئر لیگ میں گال گلیڈی ایٹرز نے شاہد آفریدی کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جب کہ سری لنکا کے بھنوکا راجہ پاکسا نائب کپتان ہیں۔

گزشتہ روز کینڈی ٹسکرز کے افغان فاسٹ بولر نوین الحق اور گال گلیڈی ایٹرز کے محمد عامر کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی تھی۔

محمد عامرکی جانب سے چوکا لگانے پر افغان بولر نوین آپے سے باہر ہوگئے، بولر نے عامر کو برا بھلا کہا گیا جس پر عامر نے بھی جواب دیا اور اگلے ہی اوور میں پھر چھکا لگادیا جب کہ میچ ختم ہونے کے بعد بھی دونوں کے درمیان تلخ کلامی جاری رہی۔

میچ کے بعد شاہد آفریدی نے بھی افغان بولر نوین الحق پر اپنے غصے کا اظہار کیا اور نوین الحق کو آنکھیں دکھائیں یہی نہیں آفریدی نے افغان بولر پر غصہ دکھایا اور پھر معاملہ حل کرنے کا کہا۔

مزید خبریں :