دنیا
Time 02 دسمبر ، 2020

کورونا کی چینی ویکسین مختلف ممالک کو فراہمی کیلئے تیار

چینی شہر شینزن کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کورونا ویکسین کی محفوظ ترین ترسیل کا عمل یقینی بنانے کے انتظامات کیے گئے ہیں— فوٹو:فائل 

چین کی کورونا ویکسین آزمائش کے آخری مرحلے میں ہے اور ویکسین کی لاکھوں خوراکیں تیار کرلی گئی ہیں۔

چین، آزمائش کے آخری مرحلے میں موجود اپنی کورونا ویکسین ترجیحی بنیادوں پر ترقی پذیر ممالک تک پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

چین کی کورونا ویکسین کی لاکھوں خوراک دنیا بھر کے ممالک کو فراہمی کے لیے تیار ہیں۔

چین کے شہر شینزن کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کورونا ویکسین کی محفوظ ترین ترسیل کا عمل یقینی بنانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

کورونا ویکسین کے گودام میں داخل ہونے والے ہر فرد کے لیے دو ہفتے کا قرنطینہ یا سر سے پیر تک حفاظتی لباس پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کسی بھی ملک سے ویکسین کے استعمال کی منظوری ملتے ہی ویکسین اس ملک کی جانب روانہ کردی جائے گی، ویکسین ڈلیوری کارگو طیاروں کے کنٹرولڈ درجہ حرارت کمپارٹمنٹس میں کی جائے گی۔

دوسری جانب برطانیہ نے امریکی دوا ساز کمپنی کی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے اور یوں برطانیہ کورونا ویکسین کے بڑے پیمانے پر استعمال کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے، کورونا ویکسین کا استعمال اگلے ہفتے سے شروع کیا جائے گا۔

مزید خبریں :