پاکستان
Time 02 دسمبر ، 2020

وزیراعظم عمران خان کا ’ہمالیہ اور نانگا پربت نیشنل پارک‘ بنانے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان  نے گلگت بلتستان میں ’ہمالیہ نیشنل پارک‘ اور ’نانگا پربت نیشنل پارک‘ بنانے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا اورگلگت بلتستان کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت بھی کی جہاں گورنر گلگت بلتستان نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔

دورے میں وزیراعظم نے 3 منصوبوں کا افتتاح کیا جس میں بلند ترین نیشنل پارکس، نیشنل پارکس سروس کا قیام اور "نیچر کوریڈور" شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہمالیہ نیشنل پارک" اور "نانگا پربت نیشنل پارک " بنانے کا اعلان کیا۔ 3600مربع کلومیٹر رقبےپر پھیلے نیشنل پارکس میں 5 فیصد گلگت کی اراضی شامل ہے۔

دونوں نیشنل پارکس اونچائی، نایاب پودوں وجانوروں پر مشتمل ماحولیاتی علاقے ہیں جہاں برفانی چیتے، ہمالیہ کے براؤن ریچھ، لداخ یوریل، مارخور اور بلیو شیپ رہتے ہیں ہیں۔

وزیراعظم نے دونوں نیشنل پارکس کا اعلان ’پروٹیکٹڈ ایریاز انیشی ایٹو‘ کے تحت کیا، قومی پارکس سے پاکستان کے قدرتی اثاثوں کو تحفظ ملے گا۔

وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کی پہلی ’نیشنل پارکس سروس‘ کے قیام کی منظوری بھی دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی نئی حکومت نئی روایت قائم کرے گی، علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے سستے قرضے دیں گے۔ 

مزید خبریں :