ایپل کے متعارف کردہ نئے ایئرپوڈز کی قیمت کیا ہے؟

ایپل کا کہنا ہےکہ نئے ایئر پوڈز کی بیٹری لائف 20گھنٹے ہوگی،تصویر، ایپل ڈاٹ کام

معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے جدید 'اَیئر پوڈز میکس' متعارف کروادیے ہیں۔

ایپل کے نئے ایئر پوڈز میکس ہیڈفون کی قیمت 549 امریکی ڈالر (87 ہزار 980 پاکستانی روپے)  رکھی گئی ہے۔

ایپل کا کہنا ہےکہ نئے ایئر پوڈز کی بیٹری لائف 20گھنٹے  ہوگی اور امید ہےکہ آئندہ ہفتے سے صارفین کو اس کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔

اس سے قبل افواہیں تھیں کہ اپیل کی جانب سے پہلی بار اوور ایئر ہیڈفون  متعارف کروایا جاسکتا ہے اور اب یہ بات سچ ثابت ہوگئی ہے۔

5 مختلف رنگوں میں دستیاب بغیر تاروں والا یہ ہیڈ فون ’Noise Cancellation‘  کے ساتھ شفاف آواز کی خصوصیات کا حامل ہے اور اسے اس طرح بنایا گیا ہے کہ یہ کانوں پر مکمل فٹ آجائے اور زیادہ زور بھی نہ پڑے۔

اس میں لگے سینسرز  صارف کے کانوں پر لگے رہنے کی صورت میں اسے آن رکھیں گے اور سر سے اتارتے ہی یہ خود بخود آف موڈ میں چلا جائے گا، اس کے علاوہ اس کے ذریعے 'ِسری' کو بھی کمانڈ دے کر اپنی مرضی کا گانا یا کال لگوائی جاسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ایپل کے نئے ایئر پوڈز میکس ہیڈ فون کی  549 ڈالر قیمت کمپنی کے ابتدائی سطح کے آئی فون اور آئی پیڈ ماڈلز سے بھی  زیادہ ہے جب کہ ایپل نے ایئر پوڈز اور ایئر پوڈز پروکی بالترتیب 159 اور 249 ڈالر قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر میں  ایپل نے اپنے نئے فونز  پیش کیے تھے جس میں چارجر اور ائیرپوڈز  شامل نہیں تھے۔

مزید خبریں :