دنیا
Time 09 دسمبر ، 2020

ضرر رساں گیس کا اخراج ریکارڈ سطح پر، دنیا تباہی کی جانب گامزن

اس سال نومبر کا مہینہ اب تک ریکارڈ کیا جانے والا گرم ترین نومبر تھا جبکہ سال 2020 مجموعی طور پر تاریخ کا گرم ترین سال ہونے جارہا ہے— فوٹو: فائل

اقوام متحدہ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ دنیا میں ضرر رساں گیس کا اخراج ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے زمین کا اوسط درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کی جانب گامزن ہے۔

رپورٹ کے مطابق  گزشتہ برس گرین ہاؤس گیسز کا اخراج ریکارڈ سطح پر رہا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں موسموں میں شدت محسوس کی گئی، آرکٹک میں برف کے پگھلنے کی رفتار تیز رہی، سائبیریا میں ہیٹ ویو اور امریکا میں جنگلوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔

علاوہ ازیں یورپی ادارہ برائے موسمیاتی تبدیلی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس سال نومبر کا مہینہ اب تک ریکارڈ کیا جانے والا گرم ترین نومبر تھا جبکہ سال 2020 مجموعی طور پر تاریخ کا گرم ترین سال ہونے جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2019 میں ضرر رساں گیسز کے اخراج کو اگر کاربن ڈائی آکسائیڈ میں تبدیل کرکے دیکھا جائے تو اس حساب سے  ریکارڈ 59.1 گیگا ٹن گیس فضا میں خارج کی گئی۔

رواں برس کورونا وبا کی وجہ سے عالمی معیشت سست رہی جس کے سبب گیس اخراج میں عارضی کمی واقع ہوئی۔

رواں ہفتے 2015 میں ہونے والے عالمی موسمیاتی معاہدے کی پانچویں سالگرہ منائی جارہی ہے اور اس موقع پر برطانیہ اور اقوام متحدہ آن لائن تقریب کا انعقاد کررہے ہیں۔ دنیا کے تمام ممالک پر دباؤ ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کو روکنے کیلئے اپنے لیے سخت سے سخت اہداف متعین کریں۔

مزید خبریں :