پاکستان
Time 10 دسمبر ، 2020

مختلف فلاحی اداروں کی ملکر خون عطیہ کرنے کی چوتھی مہم

 کراچی: انڈس اسپتال نے ’ملکر ڈاٹ کام'، گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (ایس اے ایف ) کے اشتراک سے شہر قائد کے علاقے ریڑھی گوٹھ میں پسماندہ افراد کے لیے بلڈ ڈونیشن (خون عطیہ کرنے) کی مہم کا انعقاد کیا۔

خون کا عطیہ کرنے سے متعلق خطے کی یہ چوتھی سرگرمی ہے جس میں اب تک 200 سے زائد رضاکار شرکت کر چکے ہیں، اس مہم کے دوران اسکریننگ کے سخت عمل سے گزرنے کے بعد خون کی 50 بوتلیں جمع کی گئیں۔

کراچی ڈویژن کے لیے خون عطیہ کرنے کی سرگرمی میں جی سی ٹی ٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسکولز مرزا فرحان بیگ اور چار غیر منافع بخش ٹیموں کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں

جی سی ٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد سعید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سماجی و معاشی بہتری کے لیے کام کرنے والے فلاحی اداروں کو ایک پلیٹ فام مہیا کرنے والے ادارے ملکر ڈاٹ کام نے کورونا ایمرجنسی کے دوران 70 سے زائد غیر سرکاری فلاحی تنظیموں اور خیراتی اداروں کی کاوشوں کو ایک جگہ اکھٹا کر کے ملک کی غریب عوام کی بہتری کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

کراچی کے سب سے بڑے غیر سرکاری رفاہی ادارے انڈس اسپتال کی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کووڈ ایمرجنسی کے دوران بیمار لوگوں کے لیے خون کی غیر معمولی قلت سامنے آنے پر خون عطیہ کرنے کی مہم چلائی گئی۔

اس موقع پر نمائندہ انڈس اسپتال یاور مرزا کا کہنا تھا کہ انڈس اسپتال نے صحت سے متعلق اپنے شراکت دار اداروں کو وسیع تر فلاحی کاموں کے تحت بلامعاوضہ خون فراہم کیا۔

کراچی میں ماہی گیروں کے علاقے ریڑھی گوٹھ میں خون عطیہ کرنے والی اس مہم کو چلانے میں مرکزی کردار ملکر ڈاٹ کام نے ادا کیا۔

مذکورہ تنظیم پچھلے 27 سالوں سے جی سی ٹی کے تعاون سے سندھ کے دیہی علاقوں میں مستحق خاندانوں کے غریب بچوں کو تعلیم دینے کے لیے 150 چیریٹی اسکولوں پر مشتمل نیٹ ورک چلا رہی ہے۔

سندھ میں اسکول نہ جانے والے بچوں کے اسکول میں داخلے جیسے کارخیر میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن بھی پچھلے دو سالوں سے بطور پارٹنر شریک ہے۔

امکان ہے کہ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت کیا جاتا رہا تو خون عطیہ کرنے کی مہم کو آہستہ آہستہ جی سی ٹی کراچی کے دیگر رفاہی اداروں تک بڑھایا جا سکے گا۔

مزید خبریں :