منشیات کیس: ارجن رامپال کو کلین چٹ نہیں دی، این سی بی

فوٹو: فائل

گزشتہ روز نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے بالی وڈ کے معروف اداکار ارجن رامپال کو منشیات کیس سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے دوسری بار طلب کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی وڈ اداکار ارجن رامپال سے 7 گھنٹوں سے زائد پوچھ گچھ کی۔

این سی بی نے دوران تفتیش ارجن رامپال کے گھر چھاپے کے دوران ضبط کیے جانے والے الیکٹرانک گیجٹس اور ادویات سے متعلق سوال جواب کیے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات کے معاملے میں اداکار ارجن رامپال کو کلین چٹ نہیں دی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ارجن رامپال کے بیانات میں تضاد پایا گیا ہے اور ہو سکتا ہے کہ انہیں تفتیش کے لیے دوبارہ طلب کیا جائے۔

خیال رہے کہ بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کا معاملہ رواں برس اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سامنے آیا تھا جنہوں نے 14 جون کو اپنے فلیٹ میں خودکشی کرلی تھی، ان کی موت کی تحقیقات کے دوران منشیات کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا جس کے بعد کیس میں دپیکا پڈوکون، شردھا کپور اور سارہ علی خان کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :