کھیل
Time 04 جنوری ، 2021

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا دوسرا دن کیوی بلے بازوں کے نام

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز کیوی بلے باز پاکستانی بولرز پر مکمل طور پر ہاوی نظر آئے۔

ہیگلے اوول میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اتبدائی بلے بازوں نے میزبان ٹیم کو 52 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

لیکن 52 کے اسکور پر پہلے فہیم اشرف نے ٹام بلنڈل کو آؤٹ کیا اور پھر اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کو سلپ میں کیچ کروا دیا۔

محمد عباس نے تجربہ کار راس ٹیلر کو 12 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا تو نیوزی لینڈ کا اسکور 71 رنز تھا۔

یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن اور ہنری نکولس نے پاکستانی بلے بازوں کی ایک بھی نہ چلنے دی اور پاکستانی فیلڈرز نے بھی کیوی بلے بازوں کا بھرپور ساتھ دیا اور تین کیچز ڈراپ کیے۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن کے 112 اور ہنری نکولس 89 رنز کی بدولت 286 رنز بنا لیے تھے اور میزبان ٹیم کو پاکستان کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کے لیے صرف 11 رنز درکار ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں اظہر علی کے 93، محمد رضوان کے 61 اور فہیم اشرف کے 48 رنز کی بدولت 297 رنز بنائے تھے۔

مزید خبریں :