روم کی سڑکوں پر سیکڑوں پرندے مردہ حالت میں کیوں پائے گئے؟

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

اٹلی کے دارالحکومت روم کی سڑکوں پر سیکڑوں پرندے مردہ حالت میں پائے گئے جس نے راہ چلتے لوگوں کو بھی شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روم کے ٹیرمنی ٹرین اسٹیشن پر نئے سال کی آمد کے جشن کے بعد سیکڑوں پرندوں کو سڑک پر مردہ حالت میں دیکھا گیا۔

پرندوں کی پراسرار موت کے حوالے سے تاحال کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آسکی لیکن جانوروں کے تحفظ کے لیے سرگرم گروپ کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ یہ آتش بازی کی وجہ سے ہوا ہے۔

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

روم کے ایک ٹیکسی ڈرائیور نے بتایا کہ وہ اپنی ڈیوٹی پر تھے اور اس دوران وہ اس سڑک سے گزرے تو انہیں سمجھ نہیں آیا کہ یہ کیا ہے، بعد میں انہوں نے جب غور سے دیکھا تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ مردہ پرندے ہیں۔

واضح رہے کہ روم میں نئے سال کے جشن کے لیے آتش بازی پر پابندی عائد کی گئی تھی لیکن نئے سال کی آمد پر اس پابندی کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا تھا۔

اب اس واقعے کے بعد جانوروں کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی ادارہ (او آئی پی اے) کی جانب سے ملک بھر میں پٹاخے اور فائر کریکرز کی فروخت پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔