امیتابھ نے والد کو پہلی بار کب اور کیوں روتے ہوئے دیکھا؟

 امیتابھ بچن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد ساڑھے 4 کروڑ کا ہندسہ عبور کرگئی ہے،فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن کا شمار بھارت کے لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے جن کی مقبولیت ان کی جوانی سے لے کر اب تک قائم ہے۔

حال ہی میں امیتابھ بچن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد ساڑھے 4 کروڑ کا ہندسہ عبور کرگئی ہے، اس موقع پر ایک مداح نے ان کی ایک پرانی تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں ان کے  ٹوئٹر فالوورز کی تعداد ساڑھے 4 کروڑ ہونے کی اطلاع دی گئی ۔

امیتابھ بچن نے وہ تصویر اپنے کاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے مداح کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کیپشن سے تو پتہ چلتا ہے کہ فالوورز 45 ملین ہوگئے ہیں تاہم  یہ تصویر بہت کچھ بتاتی ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امیتابھ بچن اپنے والد کے قدموں کو چھورہے ہیں اور ان کے والد ہری ونش رائے بچن کو روتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ کم عمر  ابھیشک بچن بھی  موجود ہیں جو کہ کافی  پریشان  دکھائی دیتے ہیں۔

امیتابھ نے بتایا کہ یہ اس وقت کی تصویر ہے جب وہ  قلی کی شوٹنگ میں شدید زخمی ہونے کے بعد موت کے منہ سے واپس آئے تھے اور یہ پہلا موقع تھا کہ میں نے اپنے والد کو ٹوٹتے ہوئے دیکھا، جب کہ تصویر میں پریشانی میں مبتلا ابھیشک بچن کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ امیتابھ بچن 1982 میں اپنی فلم قلی کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے اور کئی ماہ اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد  گھر واپس آئے تھے۔

مزید خبریں :