پاکستان
Time 13 جنوری ، 2021

کراچی میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی

جی ڈی اے کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا،حلیم عادل شیخ،فوٹو: فائل

وفاق میں حکومتی اتحادی اور اپوزیشن جماعتیں کراچی میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب سے قبل ہی صف آرا ہوگئیں۔

کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیرکے ضمنی انتخاب سے قبل سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔

 حکومتی اتحادی ہوں یا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)، ضمنی انتخاب کی بساط پر بھی ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہیں۔

 پیپلزپارٹی کے وفد نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے دفتر میں لیگی رہنماؤں سے ملاقات کی جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا اور مشترکہ امیدوار وں کو پی ڈی ایم کے امیدوار قرار دے دیا۔

ادھر حکومتی اتحادی جماعت گرینڈ دیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) میں شامل مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے رہنماؤں سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے ملاقات کی۔ 

میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر فنکشنل لیگ کے رہنما سردار عبدالرحیم نے کہا کہ وہ پی ایس ملیر 88 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کریں گے۔ 

خیال رہے کہ یہ نشست  صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر خالی ہوئی ہے جہاں  ضمنی انتخاب 16 فروری کو ہوگا۔

مزید خبریں :