پاکستان
Time 15 جنوری ، 2021

افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے اور پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال، سرحد پر لگائی گئی باڑھ سمیت بارڈر منیجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو نئے اضلاع میں ایف سی اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے پربھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے پشاور کور کے افسران اور جوانوں کی تعریف کی اور قبائلی اضلاع میں استحکام لانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول ایف سی اور پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مقامی آبادی کی قربانیوں اور مسلح افواج کے ساتھ تعاون کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ امن و استحکام کی کوششوں کے ذریعے مستقبل میں فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستان بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔

مزید خبریں :