پاکستان
Time 16 جنوری ، 2021

سراج الحق پشاور میں بھی کراچی کی غلط مردم شماری پرجلوس نکالیں، اسد عمر

وفاقی وزیر اسد عمر نےکہا ہے کہ یہ مردم شماری پچھلی حکومت نے کروائی، مردم شماری پر سوال اُٹھے لیکن پچھلی حکومت نے کچھ نہیِں کیا۔

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ  بہادر آباد میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھاکہ یہ مردم شماری پچھلی حکومت نے کروائی،مردم شماری پر سوال اٹھے لیکن پچھلی حکومت نے کچھ نہیِں کیا۔

 اسد عمرکا کہنا تھا کہ کیا یہ پہلی مردم شماری ہے جس کے نتائج کو تنقید کرنے والے قبول نہیں کرتے، سراج الحق سے درخواست ہےکہ پشاور میں بھی کراچی کی غلط مردم شماری پرجلوس ضرور نکالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کی مردم شماری سے متعلق کمیٹی امین الحق کی سربراہی میں ہے،کوشش ہے کہ ایسا نظام بنائیں کہ پاکستان کے تمام لوگؤں کواعتماد ہو، کمیٹی سفارشات مکمل کرلے تو کابینہ میں جلد مردم شماری کرانے کی سفارش کریں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ مردم شماری پر ایم کیو ایم سے تسلی بخش بات ہوئی، ان شاء اللہ مردم شماری اپنے وقت پر ہوگی۔

ایم کیو ایم کےکنوینر خالد مقبول صدیقی نےکہا کہ ملاقات میں مردم شماری کے نتیجے کو ای سی سی میں بھیجنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ 

مزید خبریں :