دنیا
Time 21 جنوری ، 2021

قدیم امریکی باشندے بائیڈن کی تقریب حلف برداری پر ناراض کیوں ہیں ؟

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں معروف گلوکارہ جینیفر لوپیز کے گائے گئے گانے کی شاعری کو متنازع ہونے کے باعث تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

قدیم امریکی باشندوں (ریڈ انڈینز) کی جانب سے اعتراض کیا گیا ہےکہ جینیفر لوپیز کے گانے'This Land Is Your Land' کی شاعری  نوآبادیاتی دور سے تعلق رکھتی ہے۔

سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے قدیم امریکی باشندوں نے  حلف برداری کی تقریب میں اس گانے کو  مقامی امریکیوں کی نسل کشی اور ان کی زمین پر قبضے کا جشن بھی قرار دیا ہے۔

ایک صارف کا کہنا ہے کہ بائیڈن  نے تمام امریکیوں میں اتحاد کا وعدہ کیا تھا تاہم انہوں نے اپنا آغاز ہی ایسے گانے سے کیا ہے جو مقامی باشندوں کو ختم کرنے کی علامت  ہے۔

قدیم امریکی باشندوں کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت سے ہی ناپسند کرتے ہیں جب اس گانے کو 1940 میں  لکھا گیا تھا ، کیونکہ  یہ نہ صرف نو آبادیاتی دور کی یاد دلاتا ہے بلکہ اس میں امریکی وطن پرستی کو ابھارا گیا ہے جب کہ مقامی باشندوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ زمین ہماری تھی جس پر نوآبادیاتی دور میں معاہدوں کی خلاف ورزی  اور مقامی باشندوں کی نسل کشی کرنے کے بعد نئے قوانین کے ذریعے امریکیوں کا وطن بنایا گیا۔

مزید خبریں :