شوہر کے کھانے میں کئی بار کیڑے مار دوا ملانے والی خاتون گرفتار

فوٹو: فائل

خواتین اکثر شوہر سے لڑائی جھگڑے کے باعث آپے سے باہر ہو جاتی ہیں لیکن آج آپ کو ایک ایسی خاتون کے بارے میں بتائیں گے جو غصے میں آ کر شوہر کے کھانے میں کئی بار لال بیگ مار دوائی ملا چکی ہیں اور  انہیں اب گرفتار کیا جا چکا ہے۔

امریکی ریاست نیویارک سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ خاتون کو شوہر کی کافی میں 'بورک ایسڈ' ملانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔

70 سالہ امریکی خاتون کے شوہر رابرٹ بیرون نے کہا کہ گزشتہ سال انہوں نے پہلی بار غور کیا کہ ان کی بیوی نے جو کھانا بنایا ہے اس کا ذائقہ کچھ الگ سا ہے اور کھانا کھانے کے بعد وہ خود کو بہتر محسوس نہیں کر رہے تھے جبکہ ایک مرتبہ وہ کھانا کھانے کے بعد 15 گھنٹے لگاتار سوئے۔

اس واقعے کے بعد خاتون کے شوہر کو اپنی بیوی پر شک ہوا اور انہوں نے گھر کے کچن میں ایک خفیہ کیمرا لگا دیا اور  اس بارے میں بیوی کو بھی کچھ نہیں بتایا۔

اسی طرح خاتون کے شوہر نے اپنی بیوی کو کافی میں لال بیگ کو مارنے والا کیمیکل ملاتے ہوئے پکڑا۔

امریکی خاتون کے شوہر نے بتایا کہ وہ گزشتہ ہفتے خفیہ کیمرے کی ریکارڈنگ چیک کر رہے تھے کہ جس میں انہوں نے دیکھا کہ ان کی بیوی کافی میں کوئی پاؤڈر ملا رہی ہیں اور انہوں نے فوراً اس حوالے سے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر گھر میں موجود اشیاء بھی تحقیقات کے لیے ضبط کر لیں جس کے بعد پولیس کو معلوم ہوا کہ خاتون نے اپنے شوہر کی کافی میں بورک ایسڈ ملایا تھا۔

بعدازاں خاتون نے اعتراف کیا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ انہوں نے اپنے شوہر کی کافی میں بورک ایسڈ ملایا ہو بلکہ وہ اس طرح دو سے تین بار پہلے بھی کر چکی ہیں۔

خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے یاد نہیں کہ میں نے کب کب ایسا کیا، جب بھی مجھے اپنے شوہر پر غصہ آتا تھا تو میں اسے سبق سکھانے کے لیے ایسا کرتی تھی۔

خیال رہے کہ بورک ایسڈ ایک کیمیکل ہوتا ہے جسے متعدد جگہوں پر استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اسے لال بیگ، چونٹیوں اور دیگر کیڑے مکوڑے مارنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔