اذان سمیع کا کمپوز کردہ کلام 'تو ہے میرا' ریلیز کردیا گیا

 ننھی ہادیہ ہاشمی، گلوکارہ حدیقہ کیانی، گلوکار علی طارق، فرید ایاز اور ابو محمد نے بھی کلام میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے،فوٹو: سوشل میڈیا

نئے سال پر گلوکار وموسيقار اذان سمیع خان کا کمپوز کردہ کلام 'تو ہے میرا' ریلیز کردیا گیا۔

کلام 'تو ہے میرا' اذان سمیع کی معروف گلوکاروں اور بین الاقوامی موسیقاروں کے ہمراہ منفرد کاوش ہے۔

 بین الاقوامی سطح پر شہرت پانے والی ننھی ہادیہ ہاشمی، گلوکارہ حدیقہ کیانی، گلوکار علی طارق، فرید ایاز اور ابو محمد نے بھی کلام میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

معروف لکھاری ایس کے خالش نے کلام تحریر کیا ہے اور شہباز ایلکس نے موسیقی کو ترتیب دیا ہے۔

اس حوالے سے اذان سمیع خان کہتے ہیں کہ 'تو ہے میرا' کلام کے ساتھ ساتھ ایمان اور امید کا پیغام ہے، امید کی کرن ہی وہ شہ ہے جو انسان کو اندھیروں میں روشنی کی سمت لے آتی ہے، سال 2021 کی شروعات میں اس کلام کو 'امید کا گیت' بھی کہا جاسکتا ہے۔

 کلام 'تو ہے میرا' کی ویڈیو بھی ساتھ ہی ریلیز کی گئی ہے، ویڈیو کی ایگزیکٹو پروڈیوسر فریحہ الطاف ہیں جب کہ ڈائریکٹر شاہزیب حسین ہیں۔ 

اذان سمیع خان اس سے قبل 'پرے ہٹ لو ‘ سپر اسٹار اور پرواز ہے جنون جیسی بلاک بسٹر فلموں میں بھی موسیقی ترتیب دے چکے ہیں۔ 

کلام تو ہے میرا تمام سوشل اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا ہے اور یہ اذان سمیع خان کے یوٹیوب چینل پر بھی موجود ہے۔

مزید خبریں :