بھارتی پولیس نے شہری کی ازدواجی زندگی میں پیش آئے مسئلے کا انوکھا حل نکال لیا

فوٹو: فائل

بھارتی ریاست جھارکنڈ میں پولیس نے ایک شخص کو ہفتے میں 3 دن بیوی اور 3 دن گرل فرینڈ جبکہ ایک دن دونوں سے رخصت لینے کا حکم دے کر ازدواجی زندگی میں درپیش تنازع ختم کر دیا۔

یہ کہانی اس وقت شروع ہوئی جب بھارتی شہر رانچی سے تعلق رکھنے والے راجیش مہاتو نے شادی شدہ ہونے کے باوجود گرل فرینڈ بنانے کا فیصلہ کیا، راجیش نے اپنی گرل فرینڈ کو اپنی شادی سے لاعلم رکھتے ہوئے گھر سے بھاگ جانے کو کہا اور اپنی بیوی اور بچے کو چھوڑ دیا۔

تاہم مسائل ختم ہونے کے بجائے بڑھ گئے، ایک طرف راجیش کی بیوی نے شوہر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروا دی تو دوسری جانب راجیش کی گرل فرینڈ کے والدین نے اس پر بیٹی کے اغواء کا الزام عائد کر دیا۔

پولیس نے راجیش کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کی تلاش شروع کر دی اور جب  پولیس راجیش اور اس کی گرل فرینڈ کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوئی تو اس وقت تک مفرور شخص اپنی نئی گرل فرینڈ سے شادی کر چکا تھا۔

جب راجیش کا اپنی دوسری بیوی کے ہمراہ اپنی پہلی بیوی سے سامنا ہوا تو  دونوں کے درمیان بحث چھڑ گئی۔

جھگڑے کو ختم کرنے کے لیے پولیس نے فیصلہ سنایا کہ راجیش ہفتے میں 3 دن اپنی پرانی اہلیہ اور 3 دن اپنی نئی اہلیہ کے ساتھ گزارے گا جبکہ ایک دن کی راجیش کو رخصت دیتے ہوئے پولیس نے تینوں فریقین سے مصالحتی دستاویز  پر  دستخط کروا لیےلیکن مسائل پھر بھی کم نہ ہوئے۔

بعد ازاں راجیش کی نئی اہلیہ نے اس پر شادی کے بہانے جنسی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی درج کروائی جس پر راجیش کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، فی الحال پولیس ایک بار  پھر راجیش کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار  رہی ہے۔

مزید خبریں :