دنیا
Time 22 فروری ، 2021

امریکا میں برفانی طوفان، امریکیوں کے بجلی کے بل زیادہ آنے لگے

امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے میئر سیلویسٹر ٹرنر نے برفانی طوفان میں بجلی کے زائد بل ریاستی حکومت سے جمع کرانے کا مطالبہ کردیا۔

گزشتہ دنوں میں امریکا کی متعدد ریاستوں میں برفانی طوفان رہا اور کئی دنوں تک مسلسل برفباری ہوتی رہی جس سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔

شدید سرد موسم میں تقریباً 70 افراد ہلاک ہوئے۔

امریکا میں گزشتہ ہفتے 30 سال کا سب سے سرد موسم رہا اور درجہ حرارت منفی 30 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

برفباری اور شدید سرد موسم کے باعث عوام نے گھروں میں الیکٹرک ہیٹرز اور دیگر مصنوعات کا استعمال زیادہ کیا جبکہ اس سخت موسم میں کئی علاقے بجلی کے بحران کا بھی شکار رہے۔

سرد موسم کی سختیوں کے بعد امریکا کی ریاستوں میں عوام کے بجلی کے اضافی بل ملنا شروع  ہوگئے ہیں جبکہ کئی رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ چند دن کے استعمال پر 16 ہزار ڈالرز (25 لاکھ پاکستانی روپوں) سے زائد بجلی کے بل بھیجے گئے ہیں۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے میئر سیلویسٹر ٹرنر نے برفانی طوفان میں بجلی کے زائد بل ریاست کی جانب سے جمع کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک بل بھی جمع کرایا تھا جس پر غور ہی نہیں کیا گیا۔

ہیوسٹن کے میئر کے علاوہ ٹیکساس کے گورنر اور فورٹ ورتھ شہر کے میئر نے بھی بجلی کے بلوں میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

فورٹ ورتھ شہر کے میئر نے کہا کہ ریاست اور وفاقی حکومت کو اس مشکل میں عوام کی مدد کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :