پاکستان
Time 22 فروری ، 2021

برطانوی وزیراعظم نے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کردیا

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کردیا۔

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ 21 جون تک لاک ڈاؤن کی تمام پابندیاں ختم کردی جائیں گی،لاک ڈاؤن 4 مرحلوں میں ختم کیاجائےگا، ہرمرحلےکے درمیان5 ہفتوں کا وقفہ ہوگا۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ پہلا مرحلہ دوحصوں پرمشتمل ہوگا، 8 مارچ سےتمام اسکول کھل جائیں گے اور آؤٹ ڈورکھیلوں کی اجازت ہوگی، بعض اسکول ٹیسٹ کے انتظامات کے لیےکچھ تاخیر سےکھل سکتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ  8 مارچ سے عوامی مقامات میں 2 افراد مل کرپکنک کرسکیں گے اور 29 مارچ سے 2 گھرانوں کے 6 افراد گھر سے باہر اور گارڈن میں ملاقات کرسکیں گے،  29 مارچ سے ٹینس، باسکٹ بال،گالف کورس اور فٹ بال گراؤنڈ بھی کھل جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 اپریل سے دیگر دکانیں، ہیئر ڈریسرز، جم اور آؤٹ ڈور مہمان نوازی کا شعبہ بھی کھل جائے گا، 17 مئی سے پب، ریسٹورنٹ اور سنیما کھل جائیں گے۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ مرحلہ وارپابندیوں کو ختم کرنے سے قبل 4 شرائط کو لازمی پورا کرنا ہوگا، شرائط میں ویکسین پروگرام، اموات میں کمی، انفیکشن کی شرح اور نئے وائرس کی صورت حال شامل ہے۔

برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت باقاعدگی سے اقدامات کا جائزہ لے گی، سماجی دوری کم کرنے اور بین الاقوامی سفرکی اجازت کا جائزہ لیاجائےگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویلز،اسکاٹ لینڈ اور ناردرن آئرلینڈ میں لاک ڈاؤن سے متعلق مختلف حکمت عملی اختیار کریں گے۔

مزید خبریں :