پاکستان
Time 25 فروری ، 2021

پاکستان میں کورونا سے مزید 64 اموات، 1361 نئے کیسز بھی رپورٹ

ملک میں کورونا سے مزید 64 افراد انتقال کر گئے اور 1361 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40906 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1361 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 64 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 12772 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 75941 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 23281 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1681 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 39888 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 3.3 فیصد رہی۔

صوبوں کی صورتحال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 257089 ہوگئی ہے جب کہ 4315 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 169474 ہے اور 5308 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19010 اور ہلاکتیں 199 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 71490 اور 2058 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 10022 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 296 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4955 اور 102 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 43901 ہے اور اب تک 494 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :