کاروبار
Time 28 فروری ، 2021

وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان  کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تقریباً 6 سے 7 روپے فی لیٹر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کی تجویز  دی لیکن وزیراعظم عمران خان نے یہ تجویز منظور نہیں کی۔

ان کا کہنا ہے کہ اگلے  15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

شہباز گل کا کہنا تھاکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم نے ملک میں قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی۔

دوسری جانب وزرات خزانہ  نے بھی مارچ کے پہلے 15 روز  کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

پیٹرول کی موجودہ  قیمت 111 روپے 90 پیسے فی لیٹر  جبکہ ڈیزل کی 116 روپے 8 پیسے  فی لیٹر برقرار رہے گی۔

مٹی کے تیل کی قیمت 80 روپے 19 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی موجودہ قمیت 79 روپے 23 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 15 روز کیلئے کیا جاتا ہے۔