پاکستان
Time 28 فروری ، 2021

یقین ہے ایم کیو ایم حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید  نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سینیٹ انتخابات میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ حفیظ شیخ نے پاکستان کی ڈوبی ہوئی معیشت کابیڑا اٹھایا اور بطور وزیرخزانہ ایکس چینج ریٹ مستحکم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہے اور عمران خان کے اتحادی ہیں، انہیں معلوم ہےکہ انہوں نے کیا فیصلہ کرنا ہے اور مجھے امید ہے ایم کیو ایم بھی حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی، اسلام آباد سے سینیٹ کا الیکشن حفیظ شیخ ہی جیتیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم اپنا احتجاج دو چار دن آگے لے جائے، اگر اپوزیشن قانون ہاتھ میں نہیں لے گی تو اُن کیلئے کوئی رُکاوٹ نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ کل سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنے والا ہے اس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ کل پریس کانفرنس کرنی ہے یا نہیں، سپریم کورٹ کل سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ یا خفیہ بیلٹ کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پراپنی رائے جاری کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی اور مشروط طور پر سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم کیلئے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔

وہیں آج ایم کیو ایم نے تحریک انصاف کے ظہرانے میں بھی شرکت نہیں کی۔

مزید خبریں :